ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی کابینہ میں توسیع ،کرناٹک سے رمیش جگجنگی کو نمائندگی دئے جانے کا امکان

مودی کابینہ میں توسیع ،کرناٹک سے رمیش جگجنگی کو نمائندگی دئے جانے کا امکان

Tue, 05 Jul 2016 11:22:01  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو4؍جولائی(ایس او نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی کل صبح اپنی دو سال پرانی کابینہ میں ردوبدل کرنے جارہے ہیں ، جس میں کرناٹک سے ایک اور وزیر کو نمائندگی دئے جانے کے قوی امکانات ہیں۔ بیجاپور پارلیمانی حلقہ سے مسلسل پانچویں بار منتخب سینئر رکن پارلیمان رمیش جگجنگی کو مرکزی کابینہ میں شمولیت کا موقع مل سکتاہے۔ فی الوقت ریاست سے مرکزی وزارت میں چار وزراء نمائندگی کررہے ہیں ان میں لوک سبھا کیلئے منتخب سدانند گوڈا ، اننت کمار، اور جی ایم سدیشور شامل ہیں ،جبکہ راجیہ سبھا سے نرملاسیتا رامن کرناٹک کی نمائندہ ہیں۔ اب رمیش جگجنگی کو پانچویں نمائندہ کے طور پر شامل کیا جارہا ہے۔ شمالی کرناٹک کے طاقتور سیاست دانوں میں شمار کئے جانے والے رمیش جگجنگی کو ایک دیانتدار شخصیت قرار دیا جاتاہے۔ 1983میں پہلے وہ اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے اور ریاست میں ایکسائز ، سماجی بہبود، مالگذاری اور داخلہ کے قلمدان سنبھال چکے ہیں۔ بارھویں لوک سبھا کیلئے پہلی بار وہ کانگریس کے بزرگ رکن پارلیمان شنکر آنند کو ہرا کر منتخب ہوئے اس کے بعد 15,14,13اور 16ویں لوک سبھا کیلئے وہ مسلسل منتخب ہوتے آئے ہیں۔ ان کو ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا کے قریبی ساتھیوں میں مانا جاتاہے، اس دوران ریاست کے ایک اور بارسوخ رکن پارلیمان سریش انگڑی بھی مرکزی وزارت میں آنے کیلئے پارٹی قیادت پر دباؤ ڈالنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ۔آج وزیر اعظم نریندر مودی نے کابینہ میں ردوبدل کے سلسلے میں اپنے سینئر وزراء سے تبادلۂ خیال کیا۔ذرائع نے بتایاکہ مرکزی وزارت میں ردوبدل کے مرحلے میں مسلم مخالف بیانات کیلئے بدنام آدتیہ ناتھ کو وزارت میں جگہ مل سکتی ہے۔ ساتھ ہی گزشتہ سال ہوئے مظفر نگر فسادات کے کلیدی ملزم سنجیو بلیان کو بھی وزارت میں جگہ دی جاسکتی ہے۔ معروف کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو اور راجستھان کے سینئر لیڈر ارجن میگھاول کو بھی وزیر بنایا جاسکتاہے۔


Share: